Friday, 6 July 2012

’ہر بڑا اداکار میرے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے‘


آسین
آسین ایک بہترین اداکارہ ہیں
جمعہ کو ریلیز ہونے والی فلم ’بول بچن‘ میں ایک اہم کردار ادا کرنے والی اداکارہ آسین کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں انہیں صرف کچھ ہی سال ہوئے ہیں لیکن آج بالی وڈ کا ہر بڑا اداکار ان کے ساتھ اداکاری کرنے کا خواہش مند ہے۔
فلم ’بول بچن‘ کے بارے میں بات چیت کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کے مختصر بالی وڈ کیرئیر میں اب تک انہوں نے جو بھی فلمیں کی ہیں وہ بڑے اور کامیاب اداکاروں کے ساتھ کی ہیں تو کیا انہوں نے ایسا منصوبہ بنایا تھا کہ وہ صرف سُپر سٹارز کے ساتھ ہی کام کریں گی؟
اس سوال کے جواب میں آسین کا کہنا تھا ’ایسا نہیں ہے۔ شاید میں خوش قسمت ہوں کہ میرے پاس جس فلم کی بھی پیش کش آتی ہے اس میں کوئی نہ کوئی بڑا اداکار ہوتا ہے۔ جیسے میں ’بول بچن‘ کے بعد ’کھلاڑی 786‘ میں کام کررہی ہوں جس میں اکشے کمار ہیں۔ میں ’ہاؤس فل ٹو‘ میں ان کے ساتھ کام کرچکی ہیں۔‘
’مجھے خوشی ہے کہ بالی وڈ کے سپرسٹارز میرے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں‘۔
واضح رہے کا آسین نے اپنے بالی وڈ کریئر کی شروعات سنہ دو ہزار آٹھ میں عامر خان کی فلم ’گجنی‘ سے کی تھی۔ ان کی دوسری ہندی فلم ’لندن ڈریمز‘ میں سلمان خان اور اجے دیوگن جیسے بڑے سٹارز ان کے ساتھ تھے۔
آسین اب تک عامر خان، اکشے کمار، اجے دیوگن، سلمان خان اور امیتابھ بچن جیسے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرچکی ہیں۔
حالانکہ آسین کا کہنا ہے کہ فلم کا انتخاب کرتے وقت وہ یہ نہیں دیکھتی کہ ان کے ساتھ کتنا بڑا سٹار کام کرے گا۔ ان کا کہنا تھا ’جب میرے پاس کسی فلم کی پیش کش آتی ہے تو میں سب سے پہلے یہ دیکھتی ہوں کا فلم کی سکرپٹ میں کتنا دم ہے اور اس کہانی میں اپنے کردار کی اہمیت دیکھتی ہوں۔ اور اس کے بعد ہدایت کار اورپرڈیوسر کا نمبر آتا ہے اور سب سے آخر میں یہ دیکھتی ہوں میرے ساتھ اور کون اداکار فلم میں کام کررہے ہیں۔‘
بول بچن میں آسین کے ساتھ کام کرنے والے اداکار ان کی تعریف کرتے نہیں تھکتے۔ اجے دیوگن کا کہنا ہے کہ آسین بے حد پروفیشنل ادکارہ ہیں اس لیے ’ان کے ساتھ کام کرنا آسان ہوتا ہے۔‘
وہیں ابھیشیک بچن کا کہنا ہے کہ ’ آسین نے بہت کم وقت میں کافی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ اپنے کام کو بے حد سنجیدگی سے کرتی ہیں اور شوٹنگ کے دوران فلم کے ہر پہلو کے بارے میں جاننا چاہتی ہیں۔‘
آسین سنہ دوہزار ایک سے جنوبی ہندوستان کی فلم انڈسٹری سے منسلک ہیں اور انہوں نے کئی کامیاب ملیالم اور تیلگو فلموں میں کام کیا ہے۔

No comments:

Post a Comment

Count